17 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 20:4
راجن پور میں چھوٹو گینگ کیخلاف جاری آپریشن روک دیا گیا
جیو نیوز - راجن پور........رحیم یار خان میں 16 روز سے چھوٹو گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے،جبکہ اس گینگ کے خلاف راجن پور میں 14روز سے جاری آپریشن روک دیا گیاہے۔ چودہ روزہ گرینڈ آپریشن میں پولیس کو کوئی کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف 16 روز سے جاری آپریشن میں دو سو سے زائد پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں،ڈاکوؤں نے پولیس کی دو چوکیوں پر قبضہ کیا ہوا ہے،دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں سات پولیس اہلکار اور ایک راہ گیر زخمی ہوچکا ہے،جبکہ پولیس ابھی تک کسی ڈاکو کو نہ پکڑ سکی اور نہ کو ئی ڈاکو ہلاک ہوا۔
دوسری جانب راجن پور میں بھی صورتحال پولیس کےقابو سے باہر ہے ،جہاں کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف چودہ روز سے جاری گرینڈ آپریشن روک دیا گیاجس میں 8اضلاع کی پولیس نے حصہ لیا۔دریائے سندھ کے جزیرہ نما علاقوں کچہ جمال،کچہ مورو میں پولیس، رینجر ز کے دو گن شپ ہیلی کاپٹروں کی مددسے اندر داخل ہوئی۔
چودہ روز تک چھوٹو گینگ کے کارندوں کو گرفتار کرنے کی کوشش جاری رہی،دن رات فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوتا رہا۔ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہل کار شہید اور اور 9 اہل کار زخمی ہوگئے۔ پولیس اہل کاروں کی بیٹھک، چہل قدمی اور چہرے کےثاثرات دیکھ کر آپریشن کی نوعیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
چھوٹو گینگ کا کوئی ڈاکو تو ہاتھ نہ آسکا مگر ڈی پی او زاہد محمود گوندل نے آپریشن یہ کہہ کر روک دیا کہ محرم کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔