18 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 13:48
جسے گلہ ہے، قیادت سے رابطہ کرے، وزیراعظم
جیو نیوز - اسلام آباد........وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کا ٹاسک شہباز شریف کو دے دیا۔ انہوں نے لڑنے جھگڑنے والے وزرا اور رہنماؤں کو خبردار کیا کہ جسے شکایت ہے پارٹی قیادت سے بات کرے ، دوسروں کو تنقید کا موقع دینے والوں کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزرا کے جھگڑے اور سرعام طنزو طعنے ۔ بلدیاتی انتخابات پر فیصل آباد میں پارٹی کے اندر دشمنیاں اور پھر سندھ میں بھی ٹکٹوں کی تقیسم پر ہلڑ بازی ۔ حریفوں کی تنقید کیا کم تھی جو پارٹی کے اندر کے اختلافات میاں نواز شریف کےلیے درد سر بن گئے ۔
رائے ونڈ میں وفاقی و صوبائی وزرا اور سینئر رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس میں وزیراعظم جھن جھلا اٹھے اور اختلافات باہر لانے والوں کو وارن کردیا کہ پارٹی کو کمزور اور مخالفین کو مضبوط کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، کسی کو شکایت ہے تو قیادت سے رابطہ کرے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وزرا اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے درمیان اختلافات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مخالفین کو تنقید کا موقع ملے گا اور پارٹی کمزور ہوگی ۔ انہوں نےاختلافات ختم کرنے کی ذمہ داری وزیراعلیٰ شہباز شریف کو سونپ دی ہے۔