18 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 14:4
پرامن افغانستان خطے کے امن و استحکام کی ضمانت ہے، خواجہ آصف
جیو نیوز - بیجنگ.......مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پرامن و مستحکم افغانستان خطے کے امن و استحکام کی ضمانت ہے، بھارت کے ساتھ مذاکرات کی جلد بحالی چاہتے ہیں، خطے میں امن و استحکام کی صورت میں ہی پاک چین اقتصادی راہداری جیسے منصوبوں کے حقیقی فوائد سامنے آسکتے ہیں۔
بیجنگ میں ژیانگ شین فورم کے اجلاس سے خطاب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے تمام تنازعات حل کرنے ہوں گے، کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈی پر کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاکستان نے افغانستان میں اتحادی فوج کی کامیابیوں سے زیادہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، عالمی برادری گزشتہ تین عشروں کے دوران پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔
خواجہ آصف نے خطے میں امن کے لیے چین کے کردار کی تعریف کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہاپسند عناصر معاشروں میں موجود اختلاف رائے سے فائدہ اٹھاتے ہیں، امن کے لیے دیگر اقدامات کے ساتھ جامع سماجی ، معاشی و سیاسی پیکج متعارف کرانے کی ضرورت ہے ۔
وزیردفاع نے فلسطین اور کشمیر کے حل طلب مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری ان تنازعات کے بنیادی اسباب دور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔