8 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 9:41
قابل اعتراض تصاویر، وینا ملک کے خلاف دائر درخواست خارج
اے آر وائی - بھارتی جریدے میں قابل اعتراض تصویر شائع ہونے پر وینا ملک کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کو فاضل عدالت نے اپنے دائرہ اختیار سے باہر قرار دے کر خارج کردیا۔ مقدمے کی ابتدائی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس انور کاسی کی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار سلیم اللہ خان ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ وینا ملک کو پاکستان بلا کر ان کا پاسپورٹ معطل کیا جائے۔
درخواست گزار نے اپنی پٹیشن میں وفاق، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، پیمرا، نادرا، آئی جی پولیس اسلام آباد ، بھارتی جریدے کی انتظامیہ اور ایڈیٹر کبیر شرما کو بھی فریق بنایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی ناپسندیدہ سرگرمیوں میں حساس ادارے آئی ایس آئی کا نام استعمال کرنے پر وینا ملک کو سزا دینی چاہیے۔
فاضل عدالت نے ابتدائی کے سماعت کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ دو گھنٹے کے وقفے کے بعد اپنے مختصر فیصلے میں فاضل جج نے کہا کہ آئین پاکستان کی دفعہ ایک سو ننانوے کے تحت اس پٹیشن پر کارروائی نہیں کرسکتے کیونکہ مذکورہ واقعہ بھارتی سرزمین پر پیش آیاہے اس لیے اس عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔