تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
17 جون 2011
وقت اشاعت: 13:24

جمعہ کو بالی ووڈ کی چھ نئی فلمیں ریلیز ہوں گی

وائس آف امریکہ - جمعہ کا دن نئی فلموں کی ریلیز کے حوالے سے بھارتی سنیماوٴں میں خاص دلکشی کا باعث ہوتا ہے ۔ اس جمعہ کوتو یہ دلکشی اور بھی زیادہ نظر آرہی ہے کیوں کہ اس بار ایک دو نہیں اکھٹی چھ نئی فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں جن میں ’بھیجا فرائی ٹو‘،’ بھنڈی بازار‘،’بن بلائے باراتی‘، ’الویز کبھی کبھی‘،’ مائی ہسبنڈ وائف ’اور’ سائیکل کک ‘شامل ہیں۔چونکہ یہ تمام فلمیں الگ الگ ٹیسٹ کی ہیں لہذا یہ کہا جاسکتا ہے کہ فلم بینوں کے پاس کل زیادہ آپشن ہوں گے ۔
گزشتہ سال محدود بجٹ میں تیار ہونے والی فلم ’ بھیجا فرائی‘ کی کامیابی نے ڈائریکٹر ساگر کو فلم کا سیکوئل بنانے پرمجبورکیا۔’ بھیجافرائی ٹو‘کے حوالے سے بھی ساگر کو کامیابی کی بہت امیدیں ہیں جبکہ ریلیز سے قبل ہی اس فلم کے چرچے زبان زد عام ہونے کے سببفلم کی کامیابی کے امکانات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
بینکاک، سنگاپور اور ممبئی میں شوٹ کی جانے والی ’بھیجا فرائی ٹو ‘ کو جمعہ کے روز دہلی یوپی اور پنجاب کے ایک سو پچاس سے زیادہ سنیماگھروں میں ریلیز کیا جارہا ہے۔ فلم کے نمایاں فنکاروں میں کے کے مینن، امول گپتے ، سریش مینن، منیشا لامبا اور ونے کپورشامل ہیں۔
اس ہفتے ریلیز ہونے والی دوسری فلم "’بھنڈی بازار‘ ہے جو پہلے فروری میں ریلیز ہونا تھی مگر کسی سبب جون تک کے لئے اس کی ریلیز موخر کردی گئی تھی ۔ممبئی میں ہونے والے جرائم کے پس منظر میں بنی فلم ’بھنڈی بازار ‘ عام ڈگر سے ہٹ کر ہے جبکہ اس کا ایک سین نہایت قابل اعتراض ہے۔ کے کے مینن، پیوش پانڈے، پون ملہوترا، دپتی ناول اور شلپا شکلافلم کے نمایا ں فنکار ہیں۔
’بھنڈی بازار‘ ممبئی کا مشہور علاقہ ہے ۔ فلم کو بھنڈی بازار کی رئیل لوکیشن پر شوٹ کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے پولیس سے باقاعدہ اجازت لی گئی اور یہ اجازت بھی اس شرط پر دی گئی تھی کہ شوٹنگ صرف رات گئے سے صبح آٹھ بجے تک ہی ہوگی۔ شوٹنگ شیڈول 70دنوں میں مکمل ہوا۔
فلم کے ایک گانے پر ہالی ووڈ فنکارہ جینیفر لوپاز بھی ڈانس کرتی نظر آئیں گی۔ فلم ساٹھ سے زائد سنیماوٴں میں کل ریلیزہورہی ہے۔
جمعہ کو ریلیز ہونے والی تیسری فلم ’ آلویز کبھی کبھی ‘ہے جس میں کوئی مشہور اسٹار نہیں ہے لیکن شاہ رخ خان کی ہوم پروڈکشن ہونے کی وجہ سے یہ خبروں میں ہے۔ کنگ خان اس میں ایک چھوٹا سا رول اداکررہے ہیں ۔شاہ رخ کا کہنا ہے کہ یہ ان کے دہلی میں کالج کے زمانے میں گزرے ہوئے دنوں کی کہانی ہے۔
’ بن بلائے باراتی ‘بھی کل ریلیز ہورہی ہے۔ فلم میں آفتاب شیودسانی، پریانکا کوٹھاری، ،راجپال یادو، گلشن گروور اور شکتی کپور اہم روم میں نظر آئیں گے جبکہ ملیکہ شراوت پرایک آئٹم سانگ بھی پکچرائز کیاگیا ہے جو فلم میں الگ سے ڈالا گیا ہے ورنہ شروع میں اس گیت کی کوئی گنجائش موجود نہیں تھی۔
جمعہ کو ہی دو اور فلمیں’ مائی ہسبنڈ وائف ‘اور سبھاش گھئیکی’ سائیکل کک ‘بھی ریلیز ہورہی ہیں جو باقی فلموں کی طرح ہی ہیں ۔ مجموعی طور پر کل نمائش کے لئے پیش ہونے والی کوئی بھی فلم بڑے بجٹ اور بڑے ستارے نہیں رکھتیں مگر ان فلموں کاکسی نا کسی حوالے سے فلم بینوں کو انتظار ضرور تھا۔

یہ متن رومن اردو میں پڑھیںYe Matan/Text Roman Urdu Mein Parhein
متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.