20 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 10:38
آبائی گھر کو قومی ورثہ قرار دینے پر خوشی ہوئی،دلیپ کمار
اے آر وائی - بھارت کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے پشاور میں اپنے آبائی گھر کو قومی ورثہ قرار دینے پر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ صوبائی حکومت نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع دلیپ کمار کے آبائی گھر کو قومی ورثہ قرار دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس پرردعمل دیتے ہوئے دلیپ کمار نے کہا اس گھر سے ان کی نہایت خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام اور بلاگ میں انہوں نے بتایا کہ وہ انیس سو بائیس میں اس گھر میں پیدا ہوئے اور اپنے بچپن کے اچھے دن وہاں گزارے۔ دلیپ کمار کہتے ہیں اس گھر سے ان کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔ جہاں ان کے والدین دادا، دادی، کزنز اور دیگر رشتے داروں کے ساتھ انہوں نے اچھا وقت گزارا۔
پشاور کے گھر میں اُن کی والدہ سے بھی کئی یادیں وابستہ ہیں جو ہر وقت باورچی خانے میں مصروف رہتیں اور ان کیلئے مزے مزے کے کھانے پکاتیں لیکن وہ اپنی والدہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے تھے اور ان کا بے چینی سے انتظار کرتے رہتے۔