5 جنوری 2012
وقت اشاعت: 6:4
مادھوری نے بالاآخر مادام تساوٴ انتظامیہ کے دل میں جگہ بنا لی
اے آر وائی - مادام تساوٴ مومی مجسموں کی ٹیم میں اب ایک نیا اضافہ ہونے والا ہے اور وہ ہے بالی ووڈ کوئن مادھوری ڈکشٹ کا۔ جی ہاں بولی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے بھی اپنے کیریئر کے دوران ہزاروں مداحوں کے دلوں میں جگہ بنانے کے بعد بالآخر مادام تساوٴ انتظامیہ کے دل میں بھی جگہ بنا لی۔
خبر ہے کہ مادام تساوٴ کے مومی مجسموں میں عنقریب بولی ووڈ اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کا مومی مجسمہ بھی رکھا جا رہا ہے۔ مجسمہ سازوں کی ایک ٹیم ممبئی پہنچ گئی ہے۔ ٹیم کے سربراہ جیتھرو کارب کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے مادھوری کے قد کی پیمائش، ان کے بالوں اور جلد کی رنگت کے علاوہ مختلف زاوئیے سے ان کی متعدد تصاویر بھی لے لی ہیں۔
دوسری جانب مادھوری کا کہنا ہے کہ وہ بے انتہا خوش ہیں،اسے وہ اعزاز سمجھتی ہیں کہ ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ مادھوری کے مومی مجسے کی تیاری میں ایک لاکھ پچاس ہزار پاوٴنڈز اخراجات آئیں گے۔