15 مارچ 2012
وقت اشاعت: 18:54
گلوکارہ ریحانہ کی تہلکہ خیز فلم، بیٹل شپ کا نیا ٹریلر
اے آر وائی - امریکی گلوکارہ ریحانہ کی تہلکہ خیز ایکشن سے بھرپور ہالی ووڈ فلم بیٹل شپ کا نیا سنسنی خیز ٹریلرفلم بینوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ سائنس فکشن فلم بیٹل شپ کی کہانی امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں کے گرد گھومتی ہے جو جنگی مشقوں کیلئے سمندرکا رخ کرتے ہیں جہاں انہیں سچ مچ کی جنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سمندر کی تہہ میں چھپی روبوٹ نما مخلوق ان کے سامنے تن کر کھڑی ہوجاتی ہے جدید ترین ہتھیاروں سے لیس یہ مشینی مخلوق فوجیوں کو بہت بڑی تباہی سے دو چار کرتی ہے۔ اس کے مہلک ہتھیاروں کے سامنے بحری جہاز کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی لیکن فوجی اپنے جوش و جذبے اور ذہانت سے اس خوفناک مشینی مخلوق کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں۔
فلم میں گلوکارہ ریحانہ نے اداکاری کے جوپر دکھائے ہیں، یہ ان کی دوسری فلم ہے، فلم کے ہدایت کار پیٹر برگ ہیں۔ فلم بیٹل شپ رواں سال اٹھارہ مئی کو ریلیز کی جائے گی۔