27 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 22:55
سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر نے زندگی کی 85بہاریں دیکھ لیں
جیو نیوز - ممبئی......اپنی سریلی آواز کے باعث کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر 85 برس کی ہوگئیں۔سُروں کی ملکہ کا خطاب پانے والی لتا منگیشکر بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929کو پیدا ہوئیں۔ بھارتی فلم صنعت میں دیدی (بہن) کے نام سے پہچانی جانے والی لتا منگیشکر نے 1942 میں اپنے والد دینا ناتھ منگیشکر کے انتقال کے بعد گلوکاری کا باقاعدہ آغاز کیا۔ 1974ء سے 1991تک سب سے زیادہ گانوں کی ریکارڈنگ پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔ ان کے مقبول ترین گیتوں میں آئے گا آنے والا، او سجنا برکھا بہارآئی،آجا رے پردیسی، اتنا نہ تو مجھ سے پیاربڑھا، سماں ہے یہ پیار کا، نام گم جائے گا چہرہ یہ بدل جائے گا قابل ذکر ہیں۔ لتا کو نہ صرف پدم بھوشن، پدم وبھوشن ، داداصاحب پھالکے سمیت بے شمار ایوارڈز ملے بلکہ انہیں بھارت کے سب سے بڑے سویلین اعزاز بھارت رتن سے بھی نوازا جا چکا ہے ۔لتا منگیشکر نے ایک معروف گیت ’’اے میرے وطن کے لوگو‘‘ 60 ء کی دہائی میں اس وقت کے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے سامنے گایا تھا اور کہا جاتا ہے کہ اس گیت کو سن کر ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے تھے۔وہ محمد رفیع، کشور کمار اور مکیش کمار سمیت اپنے دور کے تمام کامیاب گلوکاروں کے ساتھ اپنی آواز کا جادو جگاچکی ہیں۔ نرگس ،مینا کماری اور مدھو بالا سے لے کر ایشوریا اور کرینہ تک بالی وڈ فلم نگری نے کئی چہرے بدلے لیکن ان فلموں میں جو بات مشترک تھی وہ لتا کی آواز تھی جس نے نہ صرف گانوں بلکہ فلموں کو بھی ہمیشہ کے لئے لازوال بنا دیا۔