28 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 10:55
اداکار جارج کلونی اور وکیل امل عَلم الدین کی وینس میں شادی
جیو نیوز - وینس .....معروف ہالی وڈ اداکار جارج کلونی اورلبنانی نژاد برطانوی وکیل امل عَلم دین کی شادی کی پُروقار تقریب اٹلی کے تاریخی شہر وینس میں ہوئی ۔بالآخر 53 سالہ نامور اداکارجارج کلونی ، 36 سالہ انسانی حقوق کی وکیل امل عَلم دین سے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔کلونی نے شادی کی مرکزی تقریب کو دنیا سے چھپا کررکھا اور سب اس دھوکے میں رہے کہ کلونی کے سر سہرا پیر کے روز سجے گا ۔مگر ہفتے کی رات جارج کے ترجمان نے ان کے مداحوں کو شادی کی خوش خبری سنائی۔نامور اداکارجارج کلونی کشتیوں میں بارات لے کر وینس کی گرینڈ کینال سے ہوتے ہوئے اپنی دلہنیا کو لینے سیون اسٹار ہوٹل"امن" پہنچے۔اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد دریا کے کنارے اپنے پسندیدہ فنکار کی بارات کا حسین نظارہ کرنے کے لیے موجود تھی۔شادی کی تقریب میں ہالی وڈ کے دمکتے ستاروں اورقریبی دوست احباب نے شرکت کی۔شادی کی مرکزی تقریب کے بعد پرتکلف ڈنر کا اہتمام کیا گیا اور رات گئے تک رقص و سرور کی محفل بھی جاری رہی۔تاہم اس اہم شادی کی تقاریب کو میڈیا اپنے کیمرے میں قریب سے محفوظ نا کر سکا۔