7 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:3
انجلینا جولی، بچپن کے گھر کی قیمت صرف’20 لاکھ ڈالرز‘
جیو نیوز - کراچی......حافظ محمد نعمان......مشہور ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے جس گھر میں اپنا بچپن گزارا تھا مارکیٹ میں اس گھر کی قیمت 20 لاکھ ڈالرز لگائی گئی ہے۔
امریکی شہر نیویارک کی راک لینڈ کاؤنٹی میں قائم یہ گھر انجلینا جولی کی والدہ مارشیلائن برٹرینڈ کی ملکیت تھا۔
برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کے مطابق اپنے شوہر سے طلاق کے بعد ا نجلینا جولی کی والدہ نے 1980ءکی دہائی میں اپنی بیٹی اور مستقبل کی اداکارہ انجلینا جولی اور اپنے بیٹے ”جیمز ہیون“ کو ساتھ لیا اور چار بیڈ رومز پر مشتمل خوبصورت گھر میں آکر رہنے لگیں۔
انجلینا جولی نے یہیں رہتے ہوئے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ یہ مکان نیویارک سٹی سے 20 میل دور شمال کے دیہی علاقے میں واقع ہے۔
انجلینا جولی اس گھر میں اس وقت تک رہیں جب تک ان کا خاندان واپس لاس اینجلس منتقل نہ ہوگیا ۔’ راک لینڈ کاؤنٹی ہاؤس‘ 1950 کی دہائی میں تعمیر ہوا جسے حال ہی میں کنڈکٹر یوجین کوہن نے خرید لیا۔
کوہن چند سالوں میں 15 گھروں کو خرید کر اور ان کی تزئین و آرائش کرکے انہیں فروخت کرچکا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک سال پہلے اس گھر کے عوض 12 لاکھ ڈالرز ادا کئے تھے۔ کوہن کے مطابق وہ اس گھر کی تزئین و آرائش کرچکا ہے۔
4 ہزار مربع فٹ کی جائیداد 2 ایکڑ زمین پر پھیلی ہوئی ہے۔ جس جگہ یہ گھر واقع ہے، وہ ایک عرصے سے فنکاروں اور مشہور شخصیات کو اپنی خوبصورتی کے باعث کھینچتی رہی ہے۔ ان شخصیات میں مشہور کامیڈین ”بِل مرے“ بھی شامل ہیں۔
رہی یہ وجہ کہ وہ فنکاروں اور دیگر مشہور شخصیات کے لئے دلکشی کاباعث کیوں ہے تو وہ ہے، اس جگہ کی پرائیویسی اور نیویارک سے قربت۔