7 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 8:43
کیرئیر کے آغاز پر ہی خود کو اداکارہ سمجھتی تھی، ایشوریا
جیو نیوز - ممبئی......سابق حسینہ عالم ایشوریا رائے بچن جو گزشتہ پانچ برسوں سے پردئہ سیمیں سے غائب تھیں، اب فلم ”جذبہ“ میں نئے انداز سے جلوہ گر ہورہی ہیں۔اس فلم میں ان کے ہمراہ عرفان خان مرکزی کردارادا کررہے ہیں جبکہ شبانہ اعظمی بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی۔ یہ فلم جیو فلمز کے تحت 9اکتوبر کو پاکستان بھر میں نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہے۔
13سال تک حسن و ادا کے جلووٴں سے کروڑوں دلوں پر حکمرانی کرنے والی ہیروئن ایشوریااب پہلی مرتبہ ایک بالکل نئے اورسنجیدہ کردار میں نظر آئیں گی۔ہدایت کار سنجے گپتا کی ایکشن، تھرل،ایڈونچر اور ڈرامے سے بھرپور اس فلم میں وہ ایک وکیل کا کردار ادا کررہی ہیں جس کی بیٹی کو اغوا کر لیا جاتا ہے اور مجرم اس کی رہائی کے بدلے خاتون وکیل کو ایک ایسے ملزم کا کیس لڑنے کے لئے کہتے ہیں جس پر ایک نوجوان لڑکی کی عصمت دری اور قتل کا الزام ہے۔
ایشوریا رائے جو یکم نومبر کو 42سال کی ہوجائیں گی، اپنے بے مثال حسن کے باعث میڈیا میں ”دنیا کی سب سے خوبصورت خاتون“ کی حیثیت سے مشہور ہیں۔تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ حسن و ادا کے جلووں سے زیادہ اپنی کارکردگی کے حوالے سے مقبول ہونا پسند کرتی ہیں۔
دہلی میں فلم ”جذبہ“کی پروموشن کے موقع پر رپورٹرز سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا”جب میں نے اپنا فلمی کیرئیر شروع کیا تو میں خود کو اداکارہ سمجھتی تھی۔چونکہ میں مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے اور ماڈلنگ کرنے کے بعد فلمی صنعت میں آئی تھی اس لئے ظاہری طور پر میرے بارے میں ”ایشوریا رائے کا مطلب گلیمر“کا تصور عام تھا۔اس لئے میں نے منی رتنام کے ساتھ ساؤتھ انڈیا کی ایک فلم ”ارووار“ میں کام کرنے کا فیصلہ کیاکیونکہ میں گلیمر کے اس تصور سے آزاد ہونا چاہتی تھی۔“
ایشوریا رائے نے کہا کہ ”فلم ”جذبہ“ میں ماں کا کردار ادا کرنے میں مجھے کوئی عار نہیں تھا۔ میں پانچ سال پہلے بھی اس قسم کا کردار ادا کرلیتی مگر اب فرق یہ ہے کہ آج میں خود ایک ماں ہوں۔اب میں جانتی ہوں کہ ایک ماں کن تجربات سے گزرتی ہے۔میں نے اس کردار کی ادائیگی میں حقیقت کا رنگ بھرا ہے۔“
ایشوریاکی بیٹی ارادھیہ اب تین سال کی ہوچکی ہے مگر وہ اس کی پرورش کی خاطرفلموں سے طویل وقفہ نہیں لینا چاہتیں۔وہ کہتی ہیں کہ ”میں ایک پْرعزم ماں اور ایک پیشہ ور اداکارہ ہوں اورجب میں نے محسوس کیا کہ میں دونوں میں توازن رکھنا جانتی ہوں تو میں نے فلم ”جذبہ“ میں کام کرنے کی حامی بھری۔“
تاہم ایشوریا”جذبہ“ کوفلموں میں اپنی واپسی کا ذریعہ قرار نہیں دیتیں۔ ”میں نہیں سمجھتی کہ میں کہیں چلی گئی تھی۔میں ماں بنی اور اس دوران اشتہاروں، برانڈز اور سماجی وفلاحی کاموں میں مصروف رہی۔ میں اپنے پرستاروں سے مسلسل رابطے میں رہی۔“
ایشوریا رائے نے 1994ء میں ’مس ورلڈ‘ کا اعزاز جیتا۔ پھر ماڈلنگ کی اور 1997ء سے بالی ووڈ میں ایک کامیاب زندگی گزار رہی ہیں۔انہوں نے متعدد یادگار کردار ادا کئے جن پر انہیں دو ’فلم فیئر‘ ایوارڈز سمیت کئی اعزازات ملے۔ بھارتی حکومت نے 2009ء میں انہیں ’پدما شری ‘کے اعزاز سے نوازا جو ملک کا چوتھا بڑا قومی ایوارڈ ہے۔
وہ فرانس کا دوسرا بڑا اعزاز ’آرڈر آف فرانس‘ بھی وصول کرچکی ہیں۔ان کی مشہور فلموں میں’ہم دل دے چکے صنم‘، ’تال‘،’ محبتیں‘،’ہمارا دل آپ کے پاس ہے‘، ’دیو داس‘،’رین کوٹ‘، ’دھوم2‘،’گْرو،’جودھا اکبر‘ اور’گزارش‘ شامل ہیں۔
توقع ہے کہ’جذبہ‘ بھی ان کی یادگار فلموں میں ایک خوبصورت اضافہ ہو گی۔