9 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 22:59
بالی ووڈکی مقبول اداکارہ ریکھا 61برس کی ہوگئیں
جیو نیوز - ممبئی......ماضی کی مقبول بالی ووڈ اداکارہ ریکھا 61برس کی ہوگئیں۔ 10اکتوبر 1954کو بھارتی ریاست تامل ناڈوکے شہر چنائے میں پیدا ہونے والی بھانو ریکھا گنیسان نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز1966میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے فلم ’’رنگولا رتنم‘‘ سے کیا۔
بطور ہیروئن ریکھا کی پہلی فلم 1969میں کناڈا فلم انڈسٹری کیGoa dalli CID 999تھی جبکہ بالی وڈ فلم انڈسٹری میں ’’ساون بھادوں‘‘ رہی۔پچھلے40سالوں سے بالی ووڈ فلم نگری میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ریکھااب تک180سے زائد فلموں میں کئی لازوال کردار نبھا چکی ہیں۔
بالی ووڈ فلم نگری کے لیے بے مثال خدمات انجام دینے والی ریکھا نے امراؤ جان،خون بھری مانگ،کھلاڑیوں کا کھلاڑی،گھر،مقدر کا سکندر،جدائی،جیون دھارا،سلسلہ،مجھے انصاف چاہیے،پھول بنے انگارے، لجا اور دیگر کئی فلموں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت لاتعداد ایوارڈزحاصل کئے۔2010ء میں ریکھا کو بھارت کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا جاچکا ہے۔