1 مئی 2016
وقت اشاعت: 19:50
ہالی وڈ فلم ’اسپاٹ لائٹ‘اکیڈمی ایوارڈ میں بہترین فلم قرار
جیو نیوز - لاس اینجلس ...... ہالی وڈ کی فلم اسپاٹ لائٹ اکیڈمی ایوارڈ میں بہترین فلم قرار پائی ۔فلم صحافیوں کی اس تحقیقاتی ٹیم سے متعلق تھی، جنہوں نے پادریوں کی بچوں کے ساتھ زیادتی کی تحقیقات کیں۔
معاشرے میں چھپی وہ برائی جس کے بارے میں لب کشائی مشکل تھی،پادریوں کے بچوں کے ساتھ زیادتی جیسا حساس موضوع، جس کے بارے میں پورا سچ جاننا چیلنج ثابت ہوا۔
ہالی ووڈ فلم اسپاٹ لائٹ سچی کہانی ہے، جو امریکی اخبار دی بوسٹن گلوبز کے صحافیوں کی تحقیقاتی ٹیم کے گرد گھومتی ہے، اسپاٹ لائٹ نامی صحافیوں کی اس ٹیم نے امریکا میں پادریوں کی بچوں کے ساتھ زیادتی کی تحقیق کو اپنا مشن بنایا۔
اسپاٹ لائٹ ٹیم ان لوگوں سے ملی، جن کے بچے پادریوں کی زیادتی کا نشانہ بنے تھے،مذہبی ، سیاسی اور سماجی دباو اور لوگوں کا تعاون نہ کرنا ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن ٹیم نے ہار نہ مانی اور متاثرہ خاندانوں کو سچ بولنے پر آمادہ کیا۔اس رپورٹنگ پر اسپاٹ لائٹ ٹیم کو صحافت کا معتبر ایوارڈPULITZER PRIZE بھی دیا گیا۔