4 مئی 2016
وقت اشاعت: 22:0
سندھ ہائیکورٹ: ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
جیو نیوز - کراچی…سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
ماڈل ایان علی نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر رکھی تھی۔ درخواست میں ان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انکی والدہ شدید علیل ہیں۔ ان کے علاج کے لیے وہ بیرون ملک جانا چاہتی ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیاتھا کہا کہ ان پر منی لانڈرنگ کا جو الزام عائد کیا گیا ہے اس کیس میں بھی ماتحت عدالت انہیں ضمانت دے چکی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے ایان علی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل نکالنے کا حکم جاری دیا۔تاہم ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے وقت طلب کرنے پر عدالت نے 10 دن کے لیے اپنے فیصلے پر عملدرآمد روک دیا۔
20 نومبر 2015 ءکو ایان علی کا نام وفاقی وزارت داخلہ نے ای سی ایل میں شامل کیا تھا۔مارچ 2015ء میں ایان علی کو بینظیر انٹرنیشل ایئر پورٹ اسلام آباد سے گرفتار کیاگیا تھا۔ان پر 5لاکھ 6 ہزار 8 سو ڈالرزکی اسمگلنگ کاالزام ہے۔