23 مئی 2016
وقت اشاعت: 8:39
فلم ’زوٹوپیا‘ کا جادو تیسرے ہفتے بھی باکس آفس پر برقرار
جیو نیوز - ہالی ووڈ.....اینی میٹڈ فلم’زوٹوپیا‘ کا جادو تیسرے ہفتے بھی باکس آفس پر برقرار ہے ۔ فلم نے اس ہفتے مزید چار ارب رو پے کما کر پہلی پوزیشن برقرار رکھی ۔
بائرن ہاورڈ اور رچ مور کی ہدایتکاری میں بننے والی کامیڈی اور ایکشن سے بھرپور اینی میٹڈ فلم "زوٹوپیا " کی کہانی ایسی مجرم لومڑی کی ہے جسے بے گناہ ثابت کرنے کے لیے خرگوش پولیس اہلکار اس کی مدد کرتا ہے ۔اپنی ریلیز کے بعد سے اب تک زوٹوپیا اکیس ارب 12کروڑ روپے سمیٹ چکی ہے ۔
اسی ہفتے ریلیز ہونے والی ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور "ڈائیورجنٹ کے سیکوئیل "اَلیِجنَٹ" Allegiant نے صرف تین دنوں میں تین ارب چار کروڑ روپے کما کر باکس آفس پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی ۔
فلم کا مرکزی کردار ٹِرس اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایک اور مشن پر ہے جس میں اسے کئی مشکلات کا سامنا ہے ۔ فلم میں پراسرار ایجنسی کے راز سے پردہ اٹھانے والی ہیروئن سائنس کی بناوٹی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے انوکھے کارنامے سرانجام دیتی نظر آتی ہے۔
اور اسی ہفتے ریلیز ہونے والی ایک ڈراما فلم میریکلز فرام ہیون ایک ارب چھپن کروڑ روپے کما کر تیسرے نمبر پر رہی ۔