تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:3

راولپنڈی ریمز نے سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ جیت لیا

جنگ نیوز - سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی کپ کا ٹائٹل راولپنڈی ریمز نے جیت لیا، فائنل میں کراچی ڈولفنز کو انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست ہوئی۔ فیصل آباد میں کھیلے جانے والے اس فائنل کا آغاز بارش کے سبب پچیس منٹ کی تاخیر سے ہوا جس میں گیلی وکٹ کے سبب ٹاس جیتنے کے بعد راولپنڈی ریمز نے کراچی ڈولفنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، کراچی ڈولفنز کی پہلی وکٹ 24 کے اسکور پر شاہ زیب حسن کی صورت میں گری جو بارہ رنز بنانے کے بعد بروقت وکٹ پر نہ پہنچنے کے جرم میں رن آوٴٹ ہوئے، اْس کے بعد اسد شفیق اور رمیز راجہ جونیئر نے کھیل کا کنٹرول سنبھال لیا، ان دونوں نے پچھلے میچ کی طرح اس فائنل میں بھی عمدہ بیٹنگ کی اور 66 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرڈالی، اسد شفیق 36 رنز بناکر پویلین لوٹے، تیسری وکٹ پر رمیز راجہ جونیئر نے خالد لطیف کے ساتھ مل کر ایک اور کارآمد شراکت قائم کی جس میں 70 رنز بنے، رمیز راجہ نے جارحانہ انداز میں پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے، خالد لطیف 36 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، کراچی ڈولفنز کی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹ پر 164 رنز اسکور کیے، راولپنڈی ریمز کے رضا حسن نے 24 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، ہدف کے تعاقب میں راولپنڈی ریمز کاآغاز اچھا نہ تھا ، اس کی دو وکٹیں صرف گیارہ رنز کے اسکور پر گر گئیں تھیں، تیسری وکٹ پر اویس ضیا اور عمر امین نے 45 رنز بناکر اننگز کو سنبھالا دیا، اویس 43 رنز بنانے کے بعد ڈریسنگ روم گئے، عمر امین ایک اینڈ سے ڈٹے رہے، اْن کا ساتھ عدنان مفتی نے 31 اور حماد اعظم نے 23 رنز بناکر دیا، آخری گیند پر راولپنڈی کو میچ جیتنے کے لیے ایک رن درکار تھا لیکن رضا حسن اسٹمپڈ آوٴٹ ہوگئے، راولپنڈی کا اسکور بھی مقررہ بیس اوورز میں 164 رنز رہا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے سپر اوورز کا سہارا لیا گیا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈی ریمز نے 16 رنز بنائے، جواب میں کراچی کی ٹیم اس ہدف تک نہیں پہنچ سکی اور یوں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد راولپنڈی ریمز کی ٹیم چیمپئن بن گئی۔


یہ متن رومن اردو میں پڑھیںYe Matan/Text Roman Urdu Mein Parhein
متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.