1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:50
وزیراعظم آزادکشمیر کاوفاقی اور پنجاب حکومتوں پر دھاندلی کاالزام
آج نیوز - وزیراعظم آزادکشمیر کا انتخابات میں وفاقی اور پنجاب حکومتوں پر منظم دھاندلی کا الزام، سردار عتیق کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو بار بار پھانسی دی جائے۔سردار عتیق نے تجویز دی کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کے فوجی حکام کے درمیان مذاکرات ہونے چاہئیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار عتیق احمد نے کہا کہ ان کے حلقوں میں انتخابات بلاوجہ ملتوی کئے گئے۔ مسلم کانفرنس کے امیدواروں کے نتائج جان بوجھ کر روکے گئے۔ آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے پیش نظر پاکستان کے الیکشن فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔سردار عتیق نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے انتخابات میں منظم دھاندلی کی۔ ان کے کردار سے فریق ہونے کا تاثر ابھرا ہے۔ نواز شریف نے مسلم کانفرنس کا ووٹ بنک تقسیم کیا اور ایم کیو ایم کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ سردار عتیق نے کہا کہ ان حالات میں غیر ضروری مداخلت کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔