1 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:41
گردوں کی فروخت میں ملوث غیرملکی سمیت 7 افراد گرفتار
جنگ نیوز - لاہور کینٹ کے علاقے جوڑے پل میں پولیس نے گردوں کی تبدیلی اور آپریشن کے الزام میں ایک ڈاکٹر سمیت سات افراد گرفتار کر لیے جن میں ایک غیر ملکی شخص بھی شامل ہے۔ لاہور کے علاقے جوڑے پل میں ایک مکان پر گردوں کے آپریشن اور تبدیلی اطلاع ملنے پر مقامی لوگوں نے اندر گھس کر ڈاکٹر اور سات افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ کرائے کا مکان تھا جسے انہوں نے مکمل آپریشن تھیٹر بنا رکھا تھا۔ پولیس کے چھاپے کے وقت آپریشن تھیٹر میں دو مریض بھی موجود تھے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں ایک غیر ملکی بھی ہے جس کا تعلق انڈونیشیا سے ہے۔