دو امریکی جڑواں بہنیں ایک ہی شخص سے اس قدر محبت کرتی تھیں کہ انہوں نے باری باری اس مرد سے شادی کی لیکن دونوں کی محبت اس وقت ایک المیہ پر ختم ہوگئی جب عدالت نے ایک بہن ڈار لینی کو اپنے شوہر کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی اور دوسری بہن کو بری کردیا۔ واقعات کے مطابق والٹر ایک دولت مند صنعتکار تھا اور وہ عیش و عشرت کا دلدادہ تھا۔ اس نے پانچ شادیاں کیں۔ اسی دوران اس کی ملاقات دو جڑواں بہنوں ڈیلورزاور ڈارلینی سے ہوئی۔ دونوں بہنوں نے والٹر پر ڈورے ڈالنے شروع کردیے کیونکہ اس کے پاس بے شمار دولت تھی۔ والٹر نے ایک بہن ڈیلورز سے اس وقت شادی کی جب وہ خود 58 سال کا تھا جبکہ اس کی بیوی کی عمر صرف اٹھارہ سال تھی۔ دس سال بعد اس نے ڈیلوز کو طلاق دے کر اس کی جڑواں بہن ڈارلینی سے شادی کرلی۔ اسی دوران دونوں بہنوں نے مل کر والٹرکو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور ایک روز گلا دبا کر اسے ہلاک کردیا۔ پولیس نے اگرچہ دونوں بہنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا لیکن عدالت نے دوسری بہن ڈیلوز کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔ تاہم جج نے فیصلہ میں یہ لکھا کہ واردات کے وقت وہ اس گھر کے کچن میں موجود یہ سارا منظر دیکھ رہی تھی اور جاتے وقت وہ گھر کی تمام قیمتی اشیائ اپنے ساتھ لے گئی۔ عدالت نے اس پر چوری کا الزام عائد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت میں دونوں بہنوں نے کہا کہ انہیں مقتول کی دولت سے نہیں بلکہ اس کے کردار سے محبت تھی لیکن عدالت نے ان کا یہ موقف تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
دو بہنوں کی ایک شخص سے محبت
Posted on Nov 19, 2011
سماجی رابطہ