وہ سگریٹ کھاتا ہے

برطانیہ میں ایک ایسا شخص بھی ہے جو سگریٹ پیتا نہیں بلکہ کھاتا ہے۔ اس شخص کا نام ویزہاسکنز ہے۔ اس کی عمر چونسٹھ برس ہے اور وہ چار بچوں کا باپ ہے۔ ویز پچھلے چالیس برسوں سے کھانے کے ہمراہ سگریٹوں کا ایک پورا پیکٹ کھاجاتا ہے۔ عموماً وہ سگریٹوں کو سینڈوچ میں رکھ کر کھاتا ہے۔ اسے یہ انوکھی اور عجیب عادت کیونکر پڑی۔ ویز کا کہنا ہے کہ 1952ء میں برمنگھم کے ایک شراب خانے میں دوستوں کے ہمراہ بیٹھا تھا۔ میرے ایک دوست نے مجھے سگریٹ پیش کی، یہ جانتے ہوئے بھی کہ میں سگریٹ پینا تو مردوں کا کام ہے، تم یہ کام کیسے کرسکتے ہو۔ دوست کا منہ بند کرنے کے لیے ویز نے دوستوں کے سامنے سگریٹ منہ میں ڈالا اور نگل لیا۔ ویز کہتا ہے ہ اس کے دوست اس حرکت پر ہنس دئیے اور سمجھے کہ میں سگریٹ کھانے سے بیمار ہوجائوں گا لیکن اگلی صبح جب میں سو کر اٹھا تو خود کو ہشاش بشاش محسوس کررہا تھا۔ اس صبح میں نے پہلا کام یہ کیا کہ بھاگم بھاگ ایک دکان پر پہنچا اور سگریٹ کا ایک پیکٹ خرید لیا اور ان کو سینڈوچ میں رکھ کر کھایا۔ ویز کا کہنا ہے کہ اس نے زندگی میں کبھی سگریٹ نوشی نہیں کی لیکن سگریٹ کھانا اب اس کی زندگی کا ایک حصہ بن چکا ہے۔ عموماً روزانہ تین پیکٹ سگریٹ کھا جاتا ہے۔

Posted on Oct 20, 2011