1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:1
مسلم بچوں کی تعلیم انہیں دہشتگرد بناتی ہے،امریکی سینیٹر
اے آر وائی - نیویارک : امریکی سینیٹر ، چیرمین ہوم لینڈ سیکورٹی اور دفاعی امور کمیٹی سینیٹر گریگ بال نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلمان بچوں کی تعلیم مختلف فرقوں کے قتل عام کو نہ صرف اچھا بلکہ مقدس قرار دیتی ہے۔
نیویارک اسٹیٹ ہوم لینڈ سیکورٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر گریگ بال نے اجلاس کے ایجنڈے سے ہٹتے ہوئے اسلام، اسلامی شریعت اور مسلمان بچوں کی تعلیم کو تربیت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اجلاس کے شرکا سے دریافت کیا کہ کیا اسلامی شریعت مسلمانوں کو دہشت گردی کی جانب راغب کرتی ہے۔ سینیٹر بال کے ان خیالات پر اجلاس میں شریک بعض سینیٹرز شدید اعتراض کرتے ہوئے اٹھ کھڑے ہوئے۔
اس موقع پر ڈیموکریٹک سینیٹر ایرک ایڈمز نے قرآن ہاتھ میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ نیویارک کی سیکورٹی کے حوالے سے بلائے گئے اس اجلاس میں نفرت کا زہر پھیلایا جارہا ہے۔ سینیٹر کیون پارکر نے کہا کہ سینیٹر گریگ کے خیالات سے مسلمانوں کے ساتھ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق بھی متاثر ہوں گے۔