1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:5
صدر قذافی اقتدار سے علیحدہ ہوجائیں، مغربی طاقتوں کا مطالبہ
اے آر وائی - دوحا : لیبیا تنازع پر دوحا کانفرنس میں شریک غیر ملکی طاقتوں نے صدر قذافی سے کہا ہے کہ وہ اقتدار سے علیحدہ ہو جائیں۔ ادھر لیبیا پر اتحادی فضائیہ کی بمباری سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
لیبیا کے باغیوں کی قومی عبوری کونسل کے ترجمان نے دوحا میں ایک بیان میں کہا کہ کانفرنس کے نتائج نہایت اطمینان بخش ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کرنل قذافی کے اقتدار سے علیحدگی تک لیبیا کا تنازعہ حل نہیں ہوسکتا۔ ادھر بدھ کے اجلاس میں مغربی طاقتوں نے باغیوں کی مدد پر رضامندی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب لیبیا پر اتحادی طیاروں کی بمباری جاری ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق مصراطہ، العزیزیہ اور سیرت پر اتحادی طیاروں کی بمباری سے متعدد افراد ہلاک اور زخممی ہوگئے۔ دوسری جانب برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ نے چین کے شہر سانیا میں ہونے والے اجلاس میں کہا کہ مغربی طاقتوں کو مشرق وسطیٰ اور لیبیا میں طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔