1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:3
لیبیا: قذافی فورسز کے خلاف نیٹو کی کارروائیوں میں تیزی آگئی
اے آر وائی - طرابلس: لیبیا میں قذافی فورسز کی ملک کے مغربی علاقوں پر گرفت کمزور پڑنا شروع ہوگئی۔ برطانیہ نے کہا ہے کہ لیبیا میں قذافی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق باغیوں نے صدر قذافی کے حامیوں کو ساحلی شہر مصراتہ سے پیچھے دھکیل دیا ہے جبکہ طرابلس پر گذشتہ روز نیٹو کے فضائی حملوں میں صدر قذافی کے ہیڈکوارٹر کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب برطانوی وزیر دفاع لائم فوکس نے کہا ہے کہ صدر قذافی کی حامی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر قذافی جتنی جلدی یہ بات تسلیم کرلیں کہ ان کا کھیل ختم ہوچکا ہے ان کے حق میں بہتر ہوگا۔