3 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 3:15
پیرس: رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 8افراد ہلاک
جیو نیوز - پیرس.......اے پی پی.......فرانس کے دارالحکومت پیرس کے شمالی علاقے کی رہائشی عمارت کے 1اپارٹمنٹ میں آگ لگنے کے باعث 8افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ایک30 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس سے موم بتی اور لائٹر بر آمد ہوا ہے۔ ایک غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ نے پیرس کی پولیس کے حوالہ سے بتایا کہ صبح کے وقت لگنے والی آگ سے ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں اور اس افراتفری کے عالم میں فوری طور پر عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات کے بارے کچھ علم بھی نہیں ہوسکا۔ آگ بجھانے اور ہلاک ہونے والوں کو نکالنے کے لیے متعدد ریسکیو اہلکاروں اور 100سے زائد فائر فائٹرز نے آپریشن میں حصہ لیا اور ہلاک ہونے والوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال پہنچایا۔ دوسری جانب جانی نقصانات کی اطلاع ملتے ہی فرانس کے وزیر داخلہ برنارڈ کینز نیوف اور پولیس کے سربراہ مائیکل کیدوت موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔