12 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 17:0
کرین حادثہ، گورنر مکہ نے تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی
جیو نیوز - مکہ مکرمہ.......مسجد الحرام میں کرین گرنے کے حادثے میں شہید ہونے والے عازمین حج کی تعداد 107 ہوگئی ہے۔ 238زخمیوں میں 52 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ گورنر مکہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔
مسجد الحرام کے احاطے میں تعمیراتی کرین گرنے کے باعث سو سے زائد عازمین حج کی شہادت نے دنیا بھر میں مسلمانوں کو سوگوار کردیا ہے۔ یہ الم ناک واقعہ گذشتہ روز نماز مغرب سے کچھ پہلے ساڑھے پانچ بجے کے قریب پیش آیا جس 83 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور طوفانی بارش کی وجہ سے صفا اور مروہ کے درمیان کھڑی تعمیراتی کرین باب السلام کے سامنے الماء کے ایک حصے پر گری۔ الماء کی تیسری منزل کا کچھ حصہ بھی گرگیا اور کرین کے ٹکڑے ٹوٹ کر مسجد الحرام کے احاطے میں موجود نمازیوں پر گرے۔
یہ بھی کہا جارہا ہے کہ کرین پر آسمانی بجلی گری تھی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد افرا تفری مچ گئی۔ لوگ اپنے رشتے داروں کو ڈھونڈتے رہے۔ امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتالوں میں پہنچایا۔ اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔ خون کے عطیات کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگوں نے اسپتالوں کا رخ کرلیا۔
مرنے والوں کی شناخت اور قومیت کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں بتایا گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والے 52 پاکستانیوں میں سے 22 ابھی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ گورنر مکہ شہزادہ خالد بن الفیصل نے کرین حادثے کی تحقیقات کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے جلد از جلد رپورٹ طلب کرلی ہے۔