25 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 13:15
اسپین :تمام مسالک نے ایک ہی دن عید الاضحی منائی
جیو نیوز - بارسلونا(شفقت علی رضا ) اسپین بھر میںتمام مسالک نے عید الاضحی نہائت تزک و احتشام اور عقیدت سے منائی ۔میڈریڈ ، علی کانتے ،لگرونیو ، طرطوسہ ، غرناطہ ،قرطبہ،بارسلونا ، بادالونا ،بے سوس مار اور اسپین کے دوسرے شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے ۔
عید کے اجتماعات منہاج القرآن ، دعوت اسلامی ، طارق بن زیاد مسجد ، اسلامک سنٹر کلوٹ، شاہ جمال مسجد اورالقائم اسلامک سنٹر بارسلونا کے زیر اہتمام منعقد ہوئے ،نماز عید کے خطبات میں علمائے کرام نے مذہبی رواداری ،ایثار و قربانی اور اللہ کی خوشنودی کے حوالے سے مفصل بیان فرمایا ۔
اس موقع پر پاکستان اور امت مسلمہ کی خوشحالی ، ملکی استحکام ،ترقی اور پاکستان میں امن و امان کے قیام اور پاک آرمی کی جانب سے جاری ضرب عضب کی کامیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔علمائے کرام اور خطیبوں نے گزشتہ روز منیٰ کے حادثے میں شہید ہونے والے حجاج کرام کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لئے بھی دعائیں کیں ۔
بادالونا میںنماز عیدکا سب سے بڑا اجتماع منہاج القران کے زیر اہتمام سکول گروانڈ میں منعقد ہوا جس کی امامت علامہ عبدالرشید شریفی نے کی ۔بارسلونا سنٹر میں نماز عید کی امامت فیضان مدینہ کے محمد عمران عطاری نے ،طارق بن زیاد مسجد میں علامہ عمر دراز اوراہل تشیع کی جانب سے القائم اسلامک سنٹر میں نماز عید کی امامت علامہ رضا شاہ نے کی ۔
سفیر پاکستان رفعت مہدی اور ان کے سٹاف نے نماز عید میڈریڈ کی جامع مسجد میں جبکہ قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ اور ویلفیئر قونصلر محمد اسلم خان غوری نے نماز عید بارسلونا میں ادا کی ۔
اسپین میں مسلمان قربانی کے لئے سر عام جانور ذبح نہیں کر سکتے لیکن قربانی کے لئے مذبحہ خانوں سے ذبح شدہ بکرے خریدکرانہیں اللہ کی راہ میںتقسیم کرکے سنت ابراہیمی کی پیروی کی جاتی ہے ۔نماز عید کے تمام اجتماعات کے بعد شرکاء گلے مل کر ایک دوسرے کو یاد کرتے رہے اس موقع پر اسپین میں مقیم کمیونٹی پاکستان میںاپنوں کو یاد کرتی رہی جس سے رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔