26 ستمبر 2015
وقت اشاعت: 13:31
یورپی یونین کے ممالک میں پناہ کیلئے لاکھوں درخواستیں موصول
جیو نیوز - بارسلونا......شفقت علی رضا......یورپی یونین کے ممالک میں رواں سال کی دوسری سہ ماہی یعنی اپریل سے جون تک 2لاکھ 13ہزار 2سوپناہ گزینوں نے سیاسی پناہ کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرائیں جوگزشتہ سال کے مقابلے میں 85فیصد زیادہ ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سیاسی پناہ کی درخواستیں دینے والوں میں پاکستانی کمیونٹی کا تیسرا نمبر ہے جبکہ باقی ممالک میں شام اور افغانستان سرفہرست ہیں۔
یہ اعداد وشمار یورپی یونین کے ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں جن کے مطابق پناہ گزینوں کی تعداد میں پہلی سہ ماہی کی نسبت 10فیصد اضافہ ہواہے جو یونان میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یونان میں جنوری تامارچ تارکین کی تعداد 2ہزار 616ریکارڈ کی گئی جبکہ دوسری سہ ماہی یعنی اپریل تاجون میں 10فیصد اضافے کے بعد یہ تعداد 2ہزار 865ہوگئی۔
پناہ کے لیے جمع کرائی گئی درخواستوں میں پاکستانیوں کی شرح 12فیصد کے ساتھ 345ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال کے پہلے 6ماہ کے دوران اسپین، یونان، جرمنی، ہنگری، آسٹریا، اٹلی، فرانس اور سوئیڈن میں پناہ کے لئے درخواستیں دی گئیں جبکہ جون تا ستمبر جن ممالک سے پناہ کی درخواستیں دی گئیں ان میں شام،عراق،فلسطین اورافریقہ وغیرہ شامل ہیں تاہم رپورٹ میں ان درخواستوں کی حتمی تعداد نہیں بتائی گئی۔
ایک اندازے کے مطابق جو ن سے ستمبر تک کی درمیانی مدت میں یورپی یونین کی حدودمیں کم وبیش 10لاکھ پناہ گزین داخل ہوچکے ہیں جن کااندراج کیاجارہاہے۔
یورپی یونین کے رکن ممالک میں یونان کا شمار ایسے ممالک میں ہورہا ہے جہاں روزانہ 5سو پناہ گزینوں کی آمد ریکارڈ کی جارہی ہے۔
یونان کے علاوہ اٹلی اور اسپین ایسے ممالک میں شامل ہیں جہاں سے پناہ گزین مرکزی یورپی ممالک اور سیکنڈے نیوین ممالک جارہے ہیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے یورپ داخل ہونے کی کوشش میں اپنی جانیں گنوانے والے پناہ گزینوں کے اعداد وشمار ظاہر نہیں کئے گئے ہیں۔