12 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 15:16
مسلمانوں سے نفرت کے معاملے میں شیو سینا کی سیاہ تاریخ
جیو نیوز - ممبئی .....مسلمانوں سے نفرت کے حوالے سے شیو سینا کی تاریخ سیاہ کارناموں سے بھری ہوئی ہے، جب بھی موقع ملتا ہے شیوسینا مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے سے گریز نہیں کرتی۔
شیو سینا مسلمانوں کے خلاف اپنا کینہ باہر نکالنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔1999ء میں کھیل سے محبت کرنے والوںنے وہ نفرت انگیز مناظر بھی دیکھے جب کلکتہ فیروز شاہ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ سے قبل اس انتہا پسند تنظیم کے ورکروں نے پچوں کو اکھاڑ پھینکا تھا ۔شیوسینا نے یہی گندا کھیل 2013ء میں آگرہ بھی کھیلا ۔
شاہ رخ خان نے آئی پی ایل میں پاکستانیوں کو نہ کھلانے کا افسوس کیا، تو انتہا پسند ہندئوں کی توپوں کا رخ شاہ رخ خان کی طرف ہو گیا ،یہی نہیںکبھی شیو سینا کے ایم پی اتنے اخلاق باختہ ہوجاتے ہیں کہ ایک مسلمان کا روزہ تڑوادیتے ہیں،اور کبھی انہیں بھارت میں مسلمانوں کی موجودگی ایسی کھٹکتی ہے کہ ان سے ووٹ کا حق واپس لینے کا غیر جمہوری مطالبہ کردیتے ہیں۔
فن اور فن کاروں کے ساتھ بھی شیو سینا کا بلا کا بیر ہے، ایک مشہور بھارتی کامیڈی شو کا گرینڈ فینالے کون بھول سکتا ہے؟ جو صرف اس لیے ملتوی کیا گیا کہ شیوسینا کے کارکنوں نے اس شو کے سیٹ پر جاکر پروڈیوسر کو دھمکیاں دیں اور کہا کہ گرینڈ فنالے میں پہنچنے والے دونوں پاکستانی فنکاروں کو الگ کیا جائے۔