تازہ ترین سرخیاں
 عالمی خبریں 
27 مئی 2016
وقت اشاعت: 7:4

ایرانی صدر کل2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئیں گے

جیو نیوز - اسلام آباد…ایرانی صدر حسن روحانی کل 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آ رہے ہیں، حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران توانائی سمیت کئی اہم تجارتی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے۔

ایرانی صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران ان کے ساتھ اعلیٰ سطح کا وفد بھی آئے گا ،جس میں سرکاری حکام کے علاوہ تاجر اور سرمایہ کار بھی شامل ہوں گے ۔

صدر حسن روحانی پاکستانی ہم منصب صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔صدر حسن روحانی کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے، اس قبل نومبر2012ءمیں سابق صدر احمدی نژاد اسلام آباد کا دورہ کر چکے ہیں۔

ایران پر عالمی پابندیاں اٹھنے کے بعد دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ کے لیے یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ صدر حسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران توانائی سمیت کئی اہم تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ایرانی صدر کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں افغانستان، جنوبی ایشیائی خطے اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، تاہم بات چیت کا محور پاک ایران تجارتی و اقتصادی تعلقات کا فروغ ہوگا۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں ایران پر عالمی پابندیوں کے خاتمے کے فوراً بعد پاکستان نے بھی پابندیاں اٹھالی تھیں ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.