1 جون 2011
وقت اشاعت: 11:52
جرمنی پاکستان میں یوریا کھاد کا پلانٹ لگائے گا
اے آر وائی - اسلام آباد: جرمنی نے پاکستان میں یوریا کھاد کا پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اس ضمن میں جرمن کمپنی جلد ہی اپنی تجاویز پاکستان کو ارسال کر دے گی۔ بدھ کو یہاں وزارت صنعت وپیداوار کے ذرائع نے بتایا کہ مستقبل میں یوریا کھاد کی کمی سے بچنے کیلئے حکومت نے سال 2014 تک ملک میں یوریا کھاد کے نئے پلانٹ کی ضرورت پر زوردیا تھا جس کے جواب میں جرمن کمپنی نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس پلانٹ کی ضرورت اس لئے محسوس کی جارہی ہے تاکہ کھاد کی درآمد پر اٹھنے والا کثیر زر مبادلہ بچایا جاسکے۔ ذرائع نے کہا کہ جرمنی کے ایک وفد نے پلانٹ سے متعلق وفاقی وزیر صنعت وپیداوار سے اسلام آباد میں ملاقات بھی کی ہے جس میں گیس کی فراہمی سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔