7 اپریل 2011
وقت اشاعت: 11:1
ملک بھر میں اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ستانوے فیصد اضافہ
اے آر وائی - اسلام آباد : پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف اشیاء کی قیمتوں میں بیس سے لے کر ستانوے فیصد اضافہ ہواہے جبکہ ایشیائی بینک کاکہناہےکہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
اسلام آبادمیں سیکریٹری شماریات آصف باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل شماریات ڈویژن طارق محمود چیمہ کی پریس کانفرنس میں بتایاگیاکہ گزشتہ سال جولائی اور مارچ کی نسبت رواں سال اس عرصے کے دوران مونگ کی دال، ٹماٹر،پیاز اور ماش کی دال سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔جبکہ رواں مالی سال کے پہلے نوماہ کے دوران مہنگائی کی شرح چودہ اعشاریہ دو
فیصدرہی۔
دوسری جانب منیلا میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی معیشت کو بدامنی، بجلی کے بحران اور افراطِ زر جیسے بڑے خطرات لاحق ہیں، پاکستان میں آئندہ سال سولہ فیصد مہنگائی ہوگی اور ناقص منصوبہ بندی کے باعث سبسڈیز کا حجم دوسوارب روپے ہوجائے گا۔