1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:15
پاکستان مزید قرض کی درخواست کرسکتا ہے، وزیر خزانہ
اے آر وائی - واشنگٹن : وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف سے قرض کی ایک اور قسط کی درخواست کرسکتا ہے تاکہ آمدن اور اخراجات میں توازن قائم کیا جاسکے۔
واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک حکام سے وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے مذاکرات کئے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کو پاکستان کی معاشی صورتحال اور حکومتی ترحیحات سے آگاہ کیا۔ عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ حکومت بجٹ خسارہ چار اعشاریہ پانچ فیصد پر لانے کی کوشش کررہی ہے۔
انہوں نے عالمی مالیاتی اداروں کو بتایا کہ حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خواہشمند ہے لیکن موجودہ پارلیمنٹ اس کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں حکومت نے ٹیکس عدم ادائیگی پر چار ہزار کمرشل اداروں کی کیسز عدالتوں کو بھجوائے ہیں۔ عبدالحفیظ شیخ نے مزید بتایا کہ پاکستان غیر ملکی امداد پر انحصار نہیں کرسکتا۔ ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ چاہیئے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی مغربی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوسکے۔