16 مارچ 2014
وقت اشاعت: 8:15
بھارت پاکستانی ٹیکسٹائل کی درآمد پر سے رکاوٹیں ہٹانے پر تیار
جیو نیوز - کراچی …بھارت، پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹیں ہٹانے پر تیار ہو گیا ہے، جس کے بعد پاکستان اور بھارت کے تجارتی تعلقات معمول پر آ جانے کا امکان ہے۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات نارمل ہونے سے پاکستان کی بھارت کو برآمدات تین گنا ہو جائیں گی، پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات غیر اعلانی طور پر ہو رہے تھے، جن کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کو اپنی اپنی منڈیوں تک غیر امتیازی رسائی کا اسٹیٹس دینے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون مفتاح اسماعیل کے مطابق نئے معاہدے کے تحت بھارت، پاکستان کی مزید 160 اشیاء کی درآمد پر سے پابندی اٹھا لے گا۔طے پایا ہے کہ پاکستان، بھارت کی 1209 اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی اٹھا لے گا۔ بھارت نے پاکستان کو تجارت کے لیے پسندیدہ ملک کا درجہ دے رکھا ہے لیکن پاکستان کی بہت سی اشیاء کی درآمد پر اس نے پابندی لگا رکھی ہے۔ اب ٹیکسٹائل مصنوعات پر سے پابندی اٹھانے سے پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات بڑھنے کا امکان ہے۔وزیراعظم کے خصوصی معاون مفتاح اسماعیل نے یہ بھی بتایا ہے کہ بھارت سے تجارت کے دوران پاکستان اب بھی کچھ شعبوں کو حساس فہرست میں رکھے گا جس میں ادویات اور گاڑیاں بنانے کے شعبے شامل ہیں۔