3 اپریل 2014
وقت اشاعت: 20:10
نواز شریف کی قیادت میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھی، جاوید ملک
جیو نیوز - اسلام آباد…سفیر سرمایہ کاری جاوید ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسلام آباد میں جنگ گروپ اور نٹ شیل کے زیر اہتمام لیڈرز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے سفیر سرمایہ کاری جاوید ملک کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ، چین اور ترکی سمیت یورپی ممالک میں موجود سرمایہ کار اور تاجر پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔جاوید ملک نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ ہورہا ہے اور غیرملکی سرمایہ کار پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔کامیاب خارجہ پالیسی کے لیے ضروری ہے کہ تجارت اور اقتصادی سفارت کاری کو مزید فروغ دیا جائے۔جاوید ملک نے مزید کہا کہ دنیا سمجھتی ہے پاکستان آج محب وطن قیادت کے زیر سایہ ہے،اسی لیے مختلف ممالک کے صدر، وزیر اعظم اور بادشاہ پاکستان آ رہے ہیں،کسی ملک میں سرمایہ کاری کے لیے شفافیت،گڈ گورننس اور ساز گار ماحول ضروری ہے اور اب پاکستان میں ایسا ہی ماحول ہے۔ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کہتے ہیں کہ امن مذاکرات کافی حد تک کامیاب ہو چکے ہیں، طالبان تقسیم ہو گئے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ شمالی وزیرستان مین آپریشن سے دہشت گردی ختم نہیں ہو گی، امن مذاکرات کافی حد تک کامیاب ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پانچ سالہ منصوبہ بندی نہیں کی تھی جس کے باعث توانائی اور اقتصادی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ نجی شعبہ ایسی مضبوط پاکستانی ریاست چاہتا ہے جو قانون کی حکمرانی کا نفاذ کرسکتی ہو، نوازشریف کی حکومت نے پاکستان کو ایشیا کی ابھرتی ہوئی اقتصادی قوت بنانے کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں۔ دی لیڈرز سمٹ میں شریک مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم میں آگے بڑھنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں،ضرورت ہے تو اچھی قیادت کی۔اچھا لیڈر وہی ہوتا ہے جو بڑا وژن،جرأت،سچائی اورانسانیت سے محبت رکھتا ہو۔