7 اپریل 2014
وقت اشاعت: 11:46
بھارتی یارن پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کرنے پر غور، وزیر ٹیکسٹائل
جیو نیوز - اسلام آباد…وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل عباس خان آفریدی کا کہنا ہے کہ حکومت یارن اور کپڑے کی درآمد پر بھارت پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ آل پاکستان ہوزری مینو فیکچرر ایسوسی ایشن کے دفتر میں صنعتکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے عباس خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستانی یارن پر تو 20 فیصد ڈیوٹی عائد کی ہے اور ہمیں یارن فروخت کرنے پر اپنے ایکسپورٹرز کو پڑوسی ملک 5 فیصد ربیٹ دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت بھارت سے یارن اور کپڑے کی خریداری پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوتی لگانے پر غور کر رہی ہے۔ ڈالر کی گرتی قدر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ روپیہ مستحکم ہونے سے ایکسپورٹرز کو وقتی نقصان اٹھا نا پڑا ہے لیکن معیشت کے لیے یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔