11 اپریل 2014
وقت اشاعت: 16:58
وزارت پانی و بجلی اور نجی کمپنی کے درمیان870میگاواٹ پن بجلی منصوبے پر دستخط
جیو نیوز - اسلام آباد…وزارت پانی و بجلی کے ذیلی ادارے پی پی آئی بی اور ایس کے ہائیڈرو کے درمیان 870 میگا واٹ پن بجلی منصوبے پر دستخط کر دیئے گئے۔وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا ہے چین پاکستان میں 20 ہزار میگا واٹ کے پاور منصوبے لگائے گا۔ پی پی آئی بی اور ایس کے ہائیڈرو کے درمیان 870 میگا واٹ پن بجلی منصوبے پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف بھی شریک ہوئے ۔مانسہرہ میں دریائے کنہار پر واقع پن بجلی منصوبہ 6 سال میں مکمل ہوگا، جس پر کل لاگت کا تخمینہ 1 ارب 75 کروڑ ڈالر ہے، منصوبہ سالانہ 3 ارب یونٹ سے زیادہ بجلی بنائے گا۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اگلے ماہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے،منصوبے سے سستی بجلی آئے گی،پن بجلی کے داسو ،بھاشا اور بونجی پر بھی کام کریں گے،جس سے 20 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔