19 اپریل 2014
وقت اشاعت: 14:19
ڈالر سستا مگر ملکی اور غیر ملکی الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ
جیو نیوز - کراچی…ڈالر سستا ہوگیامگر ملکی اور غیر ملکی الیکٹرانک مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مزید بڑھ گئی ہیں۔فریج،ایئر کنڈیشنڈ ،ایئر کولر ،جنریٹر،اور یو پی ایس کی قیمتوں میں 2سے 5ہزار روپے اضافے نے گرمی سے پہلے سے لوگوں کے ہوش اڑادیے ہیں۔ملک کا معاشی موسم تبدیل ہوگیاڈالر سستا ہوگیا، گرمی اور لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا موسم بھی آن پہنچا ہے لیکن مہنگائی کا طوفان ہے کہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ، دکانداروں کا کہنا ہے کہ گرمی اور لوڈ شیڈنگ سے بچنے کے لئے نہ سہی لیکن بیٹیوں کو جہیز میں دینے کے لئے لوگ یہ اشیاء خریدنے پر مجبور ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈالر سستا ہونے کا ایسا کیا فائدہ ؟جو عوام تک نہ پہنچ سکے۔ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کے باجود الیکٹرونک مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کی روک تھام کے لئے حکومت کو فوری اقدامات کرنے چاہئے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔