تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
23 اپریل 2014
وقت اشاعت: 7:57

تھری جی اور فوری جی اسپیکٹرمز کی نیلامی آج اسلام آباد میں ہوگی

جیو نیوز - اسلام آباد…پاکستان میں دنیا کی جدید ٹیلے کام سروسزکا نیا دور شروع ہونے جارہاہے،تھری جی اور فور جی اسپیکٹرمز کی نیلامی آج اسلام آباد میں ہوگی جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ لائسنس لینے والی سیلولر کمپنیز چند ہفتوں میں عوام کو تھری جی سروسز فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔ گذشتہ 6 سال سے زیر التوا تھری جی ٹیکنالوجی کی نیلامی کا عمل بالاخر کل شروع ہونے جارہاہے، اس ٹیکنالوجی سے پاکستان موبائل صارفین کو کمیونی کیشن کی جدید ترین سہولیات میسر آسکیں گی اور وہ تھری جی کے ذریعے تیز ترین انٹرنیٹ سرفنگ اور ویڈیو رابطے کر سکیں گے۔پی ٹی اے تھری جی کے 2100میگاہرٹز کے3 جبکہ فوری جی کے 18 سو میگاہرٹز کے 2 اسپیکٹرمز کی نیلامی کرے گی۔ نیلامی کا عمل بدھ کی صبح 10 بجے شروع ہونے کی توقع ہے جس میں 4سیلولر موبائل فون کمپنیز حصہ لیں گی۔ تھری جی کے ایک لائسنس کی بیس پرائس 295ملین ڈالر جبکہ فور جی کے ایک لائسنس کیلیے 210 ملین ڈالر رکھی گئی ہے۔ حکومت کو توقع ہے کہ اس سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر حاصل ہوں گے۔ پی ٹی اے کے مطابق فور جی لائسنس حاصل کرنے کے لیے تھری جی کا لائسنس لینا لازمی ہے ، نیلامی کھلی بولی کی بجائے دنیا میں رائج جدید الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے ملٹی پل راوٴنڈز آکشن میکانزم کے مطابق ہوگی۔ نئے نظام کے ذریعے بڈرز اپنے دفاتر ، بولی کے مقام یا کہیں سے بھی بولی میں براہ راست حصہ لیں گے۔پی ٹی اے کے مطابق نیلامی کا عمل 2 دن تک بھی جاری رہ سکتاہے تاہم نیلامی کا عمل مکمل ہوتے ہی کامیاب بولی دہندگان کا اعلان کردیاجائے گاجو آئندہ چند ہفتوں میں عوام کو تھری جی سروسز فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.