تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
9 مئی 2014
وقت اشاعت: 7:18

لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے پاور پلانٹس کیلیے 20 ارب روپے جاری

جیو نیوز - لاہور…ملک میں گرمی بڑھنے کے ساتھ ہی ملک کے مختلف شہروں اور دیہات میں 12 سے 18 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر پاور پلانٹس کے لیے 20 ارب روپے جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ کھاد فیکٹریوں کی گیس بھی پاور سیکٹر کو منتقل کر دی گئی ہے۔ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 18 گھنٹے تک جا پہنچی ہے،لاہور میں ہر گھنٹے بعد دو گھنٹے کیلئے بجلی لاپتہ ہوجاتی ہے جبکہ دیہاتوں میں یہ دورانیہ اور بھی زیادہ ہے۔ وزارت پانی و بجلی ملک میں 3500 میگاواٹ شارٹ فال کا دعویٰ کر تی ہے جبکہ ماہرین کے مطابق شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے بھی زیادہ ہے،ان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کے غصے سے بچنے کیلیے حقائق چھپا رہی ہے۔ ادھر وزیر اعظم کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کم کرنے کے حکم کے بعد وزارت خزانہ نے 20 ارب روپے جاری کردیے، وزارت پانی و بجلی اس رقم سے پاور پلانٹس کے لیے تیل کی خریداری کرے گی۔ وزارت پانی و بجلی ترجمان نے جیو نیوز کو بتا یا کہ رقم کے اجراء کے بعد اب تک حکومت پاور سیکٹر میں 203 ارب روپے کی سبسڈی دے چکی ہے۔ ادھر ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن کے سسٹم پر لگے کھاد کارخانوں کی گیس پاور سسٹم کو منتقل کر دی گئی ہے۔ وزارت پانی وبجلی کے حکام کے مطابق پاور پلانٹس کو 10کروڑ مکعب فٹ سے زائد اضافی گیس ملنا شروع ہو گئی ہے جس سے سسٹم میں چار سو میگاواٹ سے زائد اضافی بجلی آئے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.