17 مئی 2014
وقت اشاعت: 12:18
رواں مالی سال کی آخری مانیٹری پالیسی آج پیش کی جائے گی
جیو نیوز - کراچی…ماہرین کا خیال ہے کہ مرکزی بینک کی جانب سے آج مانیٹری پالیسی میں شرح سود کو 10 فیصد پر برقرار رکھا جاسکتا ہے،لیکن دوسری طرف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے حکومت کی کوششوں سے لگ رہا ہے کہ شرح سْود میں نصف فیصد کمی کی جاسکتی ہے۔گزشتہ دو مانیٹری پالیسیوں سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سْود کو 10 فیصد پر برقرار رکھا ہوا ہے ، جبکہ آج مرکزی بینک کی جانب سے رواں مالی سال کی آخری مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔معاشی تجزیے کاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 9.2 فیصد رہی تھی جس کو مد نظر رکھتے ہوئے سْود کی شرح کو 10 فیصد پر ہی برقرار رکھا جا سکتا ہے۔لیکن دوسری جانب سرکار کی ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو سہارا دینے میں سنجیدگی ظاہر ہونے سے یہ امکانات پیدا ہورہے ہیں کہ حکومت نجی شعبے کو سستا قرض فراہم کرنے کیلئے شرح سود کو 9.5 فیصد کردے، جبکہ اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی تا مئی نجی شعبے کو 320 ارب روپے کے قرض فراہم کرچکی ہے۔