19 اگست 2014
وقت اشاعت: 20:28
جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاری 80فیصد کم رہی
جیو نیوز - کراچی......جولائی کے دوران کیئے گئے دھرنوں اور مارچ کے اعلانات کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری 80فیصد کم رہی -اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی کے دوران محض 2کروڑ 40لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ گزشتہ مالی سال غیر ملکیوں نے اس ماہ میں 11کروڑ 90لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں جہاں پہلے ہی انویسٹمنٹ کیلئے حالات کچھ زیادہ قابل ر شک نہیں وہاں کئی روز سے جاری سیاسی گرما گرمی سے کاروباری سرگرمیاں مزید ٹھنڈی پڑنے کا خدشہ ہے۔ایسے میں غیر ملکی تو دُور مقامی انویسٹرز بھی سرمایہ کاری سے گریزاں نظر آ رہے ہیں ,معاشی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان انقلابی دھرنوں اور مارچ کے آفٹر شاکس آئندہ مہینوں میں بھی دیکھے جانے کا اندیشہ ہے۔حالات میں مزید کشیدگی کے پیش نظر غیر ملکیوں نے سرمائے کی منتقلی شروع کر دی ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید کمی کا خدشہ ہے ۔