26 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 22:56
بھارت میں پاکستانی جیولری کی کافی مانگ ہے، حبیب الرحمن
جیو نیوز - کراچی .........نئی دہلی میں ہونیوالی عالیشان پاکستان نمائش میں بھرپور دلچسپی کو دیکھتے ہوئے پاکستانی جیم اینڈ جیولری انڈسٹری نے اس سال کے آخر میں بھارت کے شہر جے پور میں پاکستانی جیم اینڈ جیولری کی سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔آل پاکستان جیم مرچنٹس اینڈر جیولیرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حبیب الرحمن کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والی نمائش میں پاکستانی جیولری میں بھارتی خریداروں نے بھرپور دلچسپی ظاہر کی ۔اس نمائش میں اٹھارہ رکنی وفد نے شرکت کی، بعدازاں پاکستانی وفد نے دنیا کی سب بڑی جیم انڈسٹری کے مرکز جے پور کا دورہ کیا اور دونوں ملکوں کی جیولری انڈسٹری نے اشتراک عمل اور تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔حبیب الرحمن کے مطابق جےپور کی جیم اینڈ جیولری انڈسٹری کو آئندہ سال ہونے والی ایکسپوپاکستان نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی،انھوں نے کہا کہ جے پور گولڈ انڈسٹری نے نہ صرف ہماری مصنوعات میں گہری دلچسپی لی بلکہ پاکستان کو ٹیکنالوجی اور تربیت فراہم کرنے کی پیش کش بھی کی جبکہ پاکستان سے جیم اسٹون کی خریداری میں بھی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مفاہمت کی یاداشت طے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جیم جیولری انڈسٹری کو بھارت نے تربیت کی پیش کش کی تاکہ یہاں ہونے والے اس قیمتی پتھروں کے ضائع ہونے کو روکاجاسکے۔انھوں نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی جیولری کی کافی مانگ ہے،بھارت سے براہ راست تجارت سے پاکستانی انڈسٹری کو کافی فائدہ پہنچے گا اور بڑی منڈی بھی میسر آسکے گی۔انھوں نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ایس ایم منیر کی کاوشوں کوبھی سراہا۔