1 اکتوبر 2014
وقت اشاعت: 15:39
قومی بچت کی کچھ اسکیموں کے شرح منافع میں یکم اکتوبر سے اضافہ
جیو نیوز - اسلام آباد.......حکومت کی جانب سے قومی بچت کی کچھ اسکیموں پر ملنے والے منافع کی شرح کو بڑھا دیا گیا ہے۔ پنشنرز اور بیواؤں کے لیے بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق غریب عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کی خاطر حکومت کی جانب سے قومی بچت کی کچھ اسکیموں پر ملنے والے منافع کی شرح یکم اکتوبر سے بڑھا دی گئی ہے۔ اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر منافع اعشاریہ5 فیصد اضافے سے 11اعشاریہ9 فیصد، ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکیٹ پر شرح منافع اعشاریہ49 فیصد اضافے سے 12اعشاریہ75 فیصد اور ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر سالانہ منافع اعشاریہ42فیصد اضافے کے ساتھ 12اعشاریہ3فیصد کردیا گیا۔ اس کے علاوہ کمرشل بینکوں میں موجود سیونگ اکاؤنٹس پر منافع اعشاریہ45 فیصد اضافے سے 8اعشاریہ2فیصد کردیا گیا ہے۔