30 دسمبر 2014
وقت اشاعت: 10:31
شوگر ملوں نے گنا182روپے من خریدنے کا فیصلہ قبول کرلیا
جیو نیوز - کراچی......سندھ کی شوگر ملوں نے آبادگاروں سے 182 روپے فی من کے عدالتی فیصلہ کو من و عن قبول کرلیا۔ گنا 182 روپے کے حساب سے خریدنے اور 27 روپے کے ڈفرینس بھی آبادگاروں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان سندھ شوگرملز ایسوسی ایشن نے جیو نیوز کو بتایا کہ سندھ میں ملیں عدالتی فیصلہ آنے کے بعد اب 182 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدیں گی جبکہ 27 روپے فی من کے اربوں روپے کے بقایات جات بھی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان شوگرملزایسوسی ایشن سندھ زون کے مطابق بقایاجات ادائیگی سے متعلق ہر مل کی اپنی پالیسی ہوگی کہ وہ کس طرح آبادگاروں کو ادائیگی کرتی ہیں۔ دوسری طرف نائب صدر سندھ آبادگار بورڈ محمود نواز شاہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ عدالتی فیصلے سے قبل سندھ کی ملیں 155 روپے فی من کے حساب سے گنا خرید رہی تھیں۔ عدالت نے ملوں کو 182 روپے فی من گنے کی خریداری کا پابند کیا ہے ،، ملیں اب تک خریدے گئے گنے کے بقایاجات 182 روپے فی من کے حساب سے کسانوں کو واپس کریں ، محمود نواز شاہ نے مزید بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والی ملوں کے خلاف عدالت میں قانونی چارہ جوئی کی جائیگی۔