1 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:49
بلوچستان حکومت نے 8 چھوٹے بجلی گھروں کی گرانٹ روک دی
جیو نیوز - کوئٹہ........بلوچستان کے ساحلی علاقوں کےعوام کے لیے سال نو کا تحفہ،صوبائی حکومت نےآٹھ چھوٹے بجلی گھروں کے لیے تیل کی مد میں دی جانےوالی رقم کی ادائیگی روک دی،صورت حال کے باعث ان علاقوں میں بجلی کا شدید بحران پیدا ہوگیاہے۔بلوچستان حکومت صوبے کےساحلی اور دیگر مختلف علاقوں اورماڑہ، جیوانی، دریجی، کلمت، آواران، واشک، مشکے اور نوکنڈی میں چھوٹے بجلی گھروں کو چلانے کے لیے تیل کی مد میں گرانٹ فراہم کرتی ہے،تاہم اس کی جانب سے حال ہی میں یہ گرانٹ روک دی گئی ہے،جس سے ان بجلی گھروں کو ایندھن کی فراہمی معطل ہوگئی اور ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث ان بجلی گھروں سے بجلی کی پیداوار شدید متاثر ہوگئی ہے۔ اس وقت پہلے سےاسٹاک کے طور پر موجود ایندھن کو بجلی گھروں میں بجلی کی پیداوار کےلیے استعمال کیاجارہاہے،تاہم یہ اتنی مقدار میں نہیں کہ جس سے معمول کی بجلی ہی پیدا کی جاسکے،عام حالات میں بھی ان بجلی گھروں سے منسلک علاقوں میں دن میں تقریباً 12گھنٹوں کےلیےہی بجلی میسر ہوتی ہےاور اب حالیہ بحران کے باعث یہ دورانیہ 24میں سے صرف دو سے چار گھنٹوں تک رہ گیاہے۔ اگر صورتحال ایک سے دو روز برقرار رہی تو ان علاقوں میں بجلی کا مکمل بریک ڈائون ہوجائےگا۔ صورتحال پر بات کرنے کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔