تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
5 جنوری 2015
وقت اشاعت: 16:51

خیبر پختون خوا کی صنعتوں کیلئے 2014ء بدترین سال ثابت ہوا

جیو نیوز - پشاور........خیبر پختون خوا کی صنعتوں کے لئے سال 2014ء بدترین سال ثابت ہوا۔ بھتہ پرچیوں اور امن و امان کی صورتحال کی وجہ سے 30 فیصد صنعت کاروں نے اپنا سرمایہ دوسرے صوبوں کو منتقل کردیا جبکہ درجنوں کارخانے بند ہوگئے۔ خیبر پختون خوا کی دو اہم صنعتی بستیوں سمیت صوبے بھر میں سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 2ہزار 300کارخانے قائم ہیں جن میں 1700 کارخانے کام کر رہے ہیں جبکہ خیبر پختون خوا ایوان صنعت و تجارت کے مطابق صوبے میں صرف 700کارخانے کام کر رہے ہیں۔ صنعتوں کو ملنے والا مراعاتی پیکیج ختم ہونے کی وجہ سے صوبے میں صنعتی زوال شروع ہوا۔ بہت سے صنعت کار اپنا سرمایہ بیروں ملک یا دوسرے صوبوں کو منتقل کرچکے ہیں۔ ایک جانب حکومتی پالیسیاں صنعت کاروں کی حوصلہ شکنی کا باعث بن رہی ہیںتو دوسری جانب بدامنی، دہشت گردی اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔ گذشتہ ایک سال کے اندر 600سے زائد سرمایہ کاروں اورصنعتکاروں کو دھمکی آمیز فون کالز اور بھتے کی پرچیاں موصول ہوئی ہیں۔ اس صورتحال میں 310سرمایہ کار اربوں روپے کاسرمایہ یہاں سے منتقل کرچکے ہیں۔حکومت نے صوبے کی صنعتی ترقی کے لئے چھ نئی بستیاں تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان بستیوں میں صنعت کاروں کو پلاٹ بھی الاٹ ہوچکے ہیں، تاہم بجلی اور گیس کنکشن پر پابندی کے باعث اب تک ایک صنعتی یونٹ بھی قائم نہیں ہوسکا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.