16 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:43
لاہور میں پٹرول کی قلت بدستور جاری، شہری خوار
جیو نیوز - لاہور .........لاہور میں پٹرول کی قلت چوتھے روز بھی جاری ہے۔ شہرمیں 90 فیصد پمپس بند اور صارفین پٹرول کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسویسی کا کہنا ہے کہ اس صورت حال کی ذمہ دارو زارت پٹرولیم ہے اگلے ہفتے بہتری کی امید ہے۔ لاہور میں پٹرول کی قلت برقرار۔ شہری پٹرول کے لئے مارے مارے پھرنے لگے۔ جس پمپ پہ بھی جائیں وہاں ، پٹرول ختم ہے، کا بورڈ منہ چڑاتا نظر آتا ہے۔ شہر میں جو چند ایک پمپ کھلے ہیں وہاں اتنی لمبی لائنیں ہیں کہ گھنٹوں بعد باری آتی ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن لاہور کے صدر خواجہ آصف کہتے ہیں کہ پنجاب بھر میں 4 ہزار پٹرول پمپس پر ایک ہفتے سے سپلائی نہیں آئی، جتنا پٹرول اسٹور تھا وہ بھی ختم ہو گیا۔ انرجی امور کے ماہرین کہتے ہیں کہ یہ تمام صورت حال بدانتظامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت معاملے کی انکوائری کرائے۔صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تیل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور مستقبل کے لئے ٹھوس پلاننگ کی جائے۔