تازہ ترین سرخیاں
 کاروبار 
18 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:44

پیٹرولیم بحران نے اتوار کے دن کو بھی انتظار کے دن میں بدل دیا

جیو نیوز - لاہور........ پٹرولیم بحران نے اتوار کے دن کو بھی انتظار کے دن میں بدل دیا،لوگ لمبی قطاروں میں اپنی باری کا انتظار کرتے رہے اور دن تمام ہوتا رہا۔ بے بس، جھنجلائے ہوئے اور اپنے چھٹی کے دن کو پٹرول پمپ پر صبح سے شام کرتے یہ ہیں زندہ دلان لاہور جن کےچہرے کملا گئے، جن کی چھٹی کا دن ، انتظار کے دن کے سوا کچھ نا رہا، جتنے پلان بنائے تھے سب دھرے رہ گئے۔ کسی کو رشتہ داروں سے ملنے جانا تھا، کسی نے بچوں کو سیر کروانے کا وعدہ کر رکھا تھا، بچے تفریح کی غرض سے تو کہیں نا جا سکے،بس والدین کو دھکے کھاتے اور خوار ہوتے ہی دیکھنے میں چھٹی کا دن گزارتے رہے۔چھٹی کے دن یہ کریں گے، وہ کریں گے، خیالوں میں سب نے کچھ نا کچھ کرنے کا پلان بنا رکھا ہوتا ہے،لیکن لاہور کے شہریوں کے ذہنوں میں صرف ایک بات،آج چھٹی کے دن بھی پٹرول حاصل نا کر سکے تو اگلہ پورا ہفتہ کیسے گزرے گا۔ کچھ کے حصے میں آیا پٹرول اور کچھ کے حصے میں صرف انتظار، لوگوں کا کہنا ہے کہ عزیز و اقارب سے ملنے جلنے اور تفریحی مقامات کی سیر کرنے والا چھٹی کا دن چند لیٹر پٹرول کے حصول کی نذر ہو گیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.