21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 7:38
فرنس آئل کے ذخیرے میںکمی، بجلی کے بحران کا خدشہ
جیو نیوز - اسلام آباد......پاور پلانٹس کے لیے فرنس آئل کا ذخیرہ ایک ہفتے سے بھی کم رہ گیا ، وزارت پانی و بجلی نے فرنس آئل مانگا ، وزارت پٹرولیم نے صاف کہہ دیا ، 27 ارب روپے دے دیں، تیل لے لیں۔ وفاقی سیکریٹری خزانہ وقار مسعود کی زیر صدارت وزارت پانی وبجلی اور پٹرولیم کے حکام کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا،ذرائع کے مطابق وزارت پانی وبجلی کی طرف سےکہاگیاکہ وزارت پٹرولیم تھرمل پاور پلانٹس کے لیے یومیہ 18ہزار ٹن فرنس آئل کے انتظامات کرے ، لیکن وزارت پٹرولیم کے حکام نے کہا کہ اب پی ایس او اس قابل نہیں کہ پاور پلانٹس کے لیے بغیر پیسوں کے فرنس آئل خرید سکے ، یومیہ 18 ہزار ٹن فرنس آئل چاہیئے تو 27 ارب روپے دے دیں۔ ذرائع کے مطابق ملک میں اس وقت ساڑھے 8ہزار سے 9ہزار میگاواٹ تک بجلی پیدا کی جا رہی ہے جس میں سے 800میگاواٹ پانی سے ، ایک ہزار میگاواٹ ڈیزل سے اور باقی فرنس آئل سےپیدا کی جا رہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں تھرمل پاور پلانٹس کے لیے تقریباً 6 روز کا ذخیرہ باقی رہ گیا ہے اور یومیہ 10سے 12ہزار ٹن تیل پاور پلانٹس کو فراہم ہو رہا ہے۔